31/03/2026
سالٹ رینج کی سیر "سالٹ رینج ٹورز" کے ساتھ
لاہور سے چکوال آئے دس دوستوں کے ایک گروپ نے سالٹ رینج کے مختلف علاقوں کی سیر کی۔ یہ سیر چکوال شہر میں واقع یہاں کی قدیم شیشہ مسجد سے دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوئی جہاں نماز جمعہ ادا کی گئی۔ دو بجے چکوال شہر سے نکل کر جہلم روڈ پر واقع ایک ہوٹل پر رک پر مٹن، بیف اور چکن کڑاہی سے پیٹ پوجا کی گئی۔ ہوٹل سے نکل کر براستہ خان پور چکوال کے معروف صوفی شاعر حضرت شاہ مراد رح کے مزار تکیہ شاہ مراد پر حاضری دی گئی۔ مزار پر حاضری کے بعد دلجبہ کے پہاڑ کی طرف سفر شروع ہوا۔ پہاڑ سے اتر کر واپس سہگل آباد آئے۔ اس قصبہ میں سہگل ماڈل ہائیر سکینڈری سکول اور پرانی عمارات کو دیکھا گیا۔ سہگل آباد ان میں سے کچھ دوستوں کا چونکہ آبائی قصبہ تھا چنانچہ یہاں حاضری ضروری تھی۔ سہگل آباد کے بعد براستہ دیوالیاں ہم ڈھوک ٹاہلیاں ڈیم کے دلکش نظارے دیکھتے رہے۔ چاندنی رات میں یہاں منظر بے حد دلکش تھے۔ ڈھوک ٹاہلیاں ڈیم کی سیر کے بعد چوآ سیدن شاہ شہر کا بلندی سے نظارہ کیا گیا۔ رات کا کھانا اور قیام کٹاس راج میں تھا۔ صبح کٹاس کی سیر کے بعد ہم کوہستان نمک کی دلکش پہاڑیوں کی سیر کرتے کرتے براستہ بشارت نندنہ قلعہ تک گئے اور باغاں والا گاؤں کا باغ بھی دیکھا۔ وہاں سے کھیوڑہ نمک کی کان آئے اور ایک خوبصورت شام یہاں گزاری گئی جس کے بعد دوستوں کا یہ گروپ دو یادگار دن گزار کر براستہ موٹروے لاہور روانہ ہو گیا۔