12/08/2026
ترکیہ کے استنبول ایئرپورٹ نے برطانیہ کے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ کو پیچھے چھوڑ کر یورپ کے مصروف ترین ایئرپورٹ کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
ہوابازی کے شعبے سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال جولائی کے مہینے میں استنبول ایئرپورٹ سے ریکارڈ 8.15 ملین مسافروں نے سفر کیا۔ اس کے برعکس، طویل عرصے تک یورپ کے مصروف ترین ایئرپورٹ کا تاج سر پر سجانے والے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد 7.86 ملین ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور فضائی راستوں کی تبدیلی کے باعث لندن ہیتھرو کے مسافروں میں جولائی کے دوران 1.5 فیصد کمی دیکھی گئی۔
دوسری جانب، بہترین توسیعی حکمتِ عملی اور جدید سفری سہولیات کی بدولت استنبول ایئرپورٹ کے مسافروں کی تعداد میں 2.3 فیصد کا شاندار اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
استنبول ایئرپورٹ کی اس تاریخی برتری کے بعد اب برطانوی ایئرپورٹ انتظامیہ نے عالمی دوڑ میں دوبارہ آگے نکلنے کے لیے برطانوی حکومت سے اپنے تیسرے رن وے کی فوری تعمیر کا مطالبہ کر دیا ہے۔