16/08/2026
سہیل سخی کو آخری سلام!
سہیل سخی کے جسدِ خاکی کی واپسی کے اس غمگین مرحلے میں سب سے پہلے ہم شگر کے ان تین بہادر نوجوانوں، ابوذر، محمد بشیر اور محمد ندیم کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں، جنہوں نے انتہائی مشکل حالات میں سہیل سخی کے جسدِ خاکی کی بازیابی اور منتقلی میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر اہم کردار ادا کیا. ان کی یہ خدمت، ہمت اور انسان دوستی ہمیشہ احترام سے یاد رکھی جائے گی.
اس کے بعد پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے نامساعد اور خطرناک موسمی حالات کے باوجود ریسکیو اور منتقلی کے مراحل میں بھرپور تعاون کیا. اسی طرح حکومتِ گلگت بلتستان، انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ اداروں کا بھی تہہ دل سے شکریہ، جنہوں نے اس مشکل وقت میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں اور سہیل سخی کے خاندان کے ساتھ تعاون کیا.
گزشتہ شب گمبہ سکردو کے جماعت خانے میں سہیل سخی کی نمازِ جنازہ نہایت احترام، وقار اور عقیدت کے ساتھ ادا کی گئی. اس موقع پر بلتستان کی عوام نے جس محبت اور خلوص کے ساتھ سہیل سخی کو آخری سلام پیش کیا، وہ ان کے اہلِ خانہ کے لیے یقیناً ایک ناقابلِ فراموش احساس ہے. دکھ کی اس گھڑی میں بلتستان کے لوگوں نے جس طرح سہیل سخی کو اپنے بیٹے کی طرح عزت دی، اس محبت کا شکریہ الفاظ میں ادا کرنا ممکن نہیں
آج صبح سہیل سخی کے جسدِ خاکی کو ہنزہ میں وصول پہنچانے کے بعد ان کی نمازِ جنازہ کالج گراؤنڈ، علی آباد میں ادا کی گئی. تمام دوستوں، عزیزوں، اہلِ علاقہ، کوہ پیمائی سے وابستہ افراد اور سہیل سخی سے محبت کرنے والوں سے گزارش ہے کہ اس آخری سفر میں شریک ہو کر انہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں.
اس موقع پر وزیرِ سیاحت، کھیل و ثقافت گلگت بلتستان جناب نیک نام کریم کا بھی خصوصی شکریہ، جنہوں نے اس مشکل وقت میں تعاون اور توجہ کا مظاہرہ کیا. ہم گلگت بلتستان کی انتظامیہ، پولیس ڈیپارٹمنٹ بلتستان اور دیگر تمام متعلقہ حکام و اداروں کے بھی شکر گزار ہیں.
سہیل سخی کی جدائی ان کے خاندان کے لیے ایک ناقابلِ بیان صدمہ ہے، لیکن اس دکھ کی گھڑی میں جس طرح شگر کے مقامی نوجوانوں، پاک فوج، انتظامیہ، اداروں اور بلتستان کی عوام نے اپنا کردار ادا کیا، وہ انسانیت، محبت اور قومی یکجہتی کی ایک خوبصورت مثال ہے.
ہم ہر اس شخص کے شکر گزار ہیں جس نے سہیل سخی کے آخری سفر میں کسی بھی صورت اپنا حصہ ڈالا، دعا کی، مدد کی یا ان کے خاندان کے غم میں شریک ہوا۔ آپ سب کا خلوص اور محبت سہیل سخی کے خاندان کے لیے ہمیشہ ایک قیمتی یاد رہے گا.
اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے سہیل سخی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور ان کی بہادری، کردار اور جدوجہد کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے.
سہیل سخی رخصت ہو گئے، مگر ان کے آخری سفر میں شریک ہونے والی دعائیں، محبتیں اور انسانیت ہمیشہ زندہ رہیں گی.
تحریر: فرح انیب مغل