26/08/2026
رحمٰن برادرز سروسز سنٹر عوامی خدمت میں پیش پیش
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا تمام مذکورہ پروگرامز کا فارم حاصل کرنے رحمٰن برادرز سروسز سنٹر تشریف لاسکتے ہیں
👇👇👇
ضلع مہمند میں خصوصی افراد، یتیم بچوں اور بیواؤں کے کوائف جمع کرنے کے لیے ڈیٹا کلیکشن مہم 2026 کا آغاز
ضلع مہمند: وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا جناب سہیل آفریدی اور صوبائی وزیر برائے زکوٰۃ، عشر، سوشل ویلفیئر، اسپیشل ایجوکیشن و ویمن ایمپاورمنٹ جناب لیاقت علی خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں حکومتِ خیبر پختونخوا کے متعلقہ محکموں کی جانب سے ضلع مہمند میں خصوصی افراد، یتیم بچوں اور بیوہ خواتین کے کوائف جمع کرنے کے لیے ڈیٹا کلیکشن مہم 2026 کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس مہم کا بنیادی مقصد ضلع مہمند میں موجود مستحق اور کمزور طبقات کی درست نشاندہی، ان کے مکمل اور مستند کوائف کا اندراج اور مستقبل میں ان کے لیے فلاحی خدمات، سماجی تحفظ، بحالی اور دیگر ممکنہ حکومتی معاونت کی مؤثر و منظم منصوبہ بندی کے لیے قابلِ اعتماد ڈیٹا مرتب کرنا ہے۔
ضلع مہمند کے تمام خصوصی افراد، یتیم بچوں اور بیوہ خواتین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مہم کے لیے فراہم کردہ مقررہ اور ویریفائیڈ فارم استعمال کرتے ہوئے اپنے کوائف درست اور مکمل درج کریں۔ عوام سے خصوصی طور پر گزارش ہے کہ صرف وہی فارم استعمال کیا جائے جس پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر اور ڈسٹرکٹ زکوٰۃ آفیسر کے دستخط اور سرکاری مہر کے لیے باقاعدہ جگہ مختص ہو۔
متعلقہ افراد کو دور دراز علاقوں سے سفر کرکے ضلعی دفتر آنے کی ضرورت نہیں۔ وہ اپنے علاقے کی متعلقہ VC/NC کی زکوٰۃ کمیٹی کے چیئرمین کے پاس فارم جمع کروائیں، تاکہ غیر ضروری سفری اخراجات، وقت اور مشکلات سے بچا جا سکے اور ڈیٹا کلیکشن کا عمل مقامی سطح پر مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
فارم کے ساتھ درج ذیل دستاویزات منسلک کرنا لازمی ہوں گی:
- خصوصی افراد: معذوری (Disability) سرٹیفکیٹ کی نقل۔ جن خصوصی افراد کے پاس معذوری کا سرٹیفکیٹ موجود نہیں، وہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، ضلع مہمند سے رابطہ کریں تاکہ معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول کے سلسلے میں ضروری رہنمائی اور سہولت فراہم کی جا سکے۔
- یتیم بچوں کے لیے: والد/والدین کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی نقل
- بیوہ خواتین کے لیے: شوہر کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی نقل
تمام متعلقہ افراد، عمائدینِ علاقہ، زکوٰۃ کمیٹیوں کے چیئرمینان، سماجی کارکنان اور دیگر معززین سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ اس اہم ڈیٹا کلیکشن مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے اپنے علاقوں میں موجود مستحق خصوصی افراد، یتیم بچوں اور بیوہ خواتین کو اس مہم کے بارے میں آگاہ کریں، تاکہ کوئی بھی مستحق فرد اس اہم عمل سے محروم نہ رہ جائے۔
حکومت کی جانب سے مرتب کیا جانے والا یہ ڈیٹا مستقبل میں مستحق افراد کے لیے فلاحی خدمات، سماجی تحفظ، بحالی اور دیگر ممکنہ حکومتی معاونت کی مؤثر منصوبہ بندی، ترجیحات کے تعین اور سہولیات کی بہتر فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ضلع مہمند — کوئی بھی مستحق فرد اس اہم ڈیٹا کلیکشن مہم سے محروم نہ رہے۔