
03/08/2025
محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم کا جلد نگر کا دورہ، التواء کا شکار منصوبوں کی چھان بین متوقع
نگر — ذرائع کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم آئندہ چند روز میں ضلع نگر کا دورہ کرے گی۔ اس دورے کا مقصد ضلع بھر میں مختلف سرکاری منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، مالی بدعنوانیوں اور غفلت کے الزامات کی تحقیقات کا آغاز کرنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن ٹیم ابتدائی طور پر ان تمام ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لے گی جو کئی سالوں سے التواء کا شکار ہیں یا جن پر شکایات موصول ہو چکی ہیں۔ ان میں اسکول، سڑکیں، پانی کی فراہمی، توانائی، اور صحت کے منصوبے شامل ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جن محکموں یا افسران کے خلاف شواہد سامنے آئیں گے، ان کے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کی جائے گی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عوامی حلقوں نے اس متوقع کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ بدعنوان عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔