25/07/2025
نوجوانانِ اہل السنّت رائیار ایچھ کی طرف سے منظور حیدری صاحب کے لیے اظہارِ تشکر
الحمد للّٰہ!
ہم نوجوانانِ اہل السنّت رائیار ایچھ کی جانب سے محترم، معزز، باکردار، اور خوش بیان عالم دین مولانا منظور حیدری صاحب کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے گزشتہ پانچ برسوں میں اس علاقے میں دینی، اخلاقی اور فکری روشنی کو عام کیا۔
منظور حیدری صاحب آج جب کہ ہماری جامع مسجد سے رخصت ہو رہے ہیں، تو دل غمزدہ بھی ہے اور آنکھیں نم بھی۔ اس مدتِ خدمت کے دوران آپ نے نہ صرف قرآن و حدیث کی صدائیں منبر سے بلند کیں بلکہ وقت کی پابندی، دیانت، خلوص، اور اعتدال پسندی کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔
آپ نے فرقہ واریت سے ہمیشہ خود کو دور رکھا اور تمام مکاتبِ فکر کے دلوں میں اپنے لیے احترام پیدا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ ہر طبقہ فکر کے لوگ آج آپ کے جانے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔ آپ نے ہمیشہ امت کے اتحاد، امن اور بھائی چارے کو فوقیت دی، یہی وجہ ہے کہ آپ کے دورِ امامت میں مسجد کے اندر اور باہر امن و امان کی فضا قائم رہی۔ ایسی پرسکون فضا آج کے دور میں کسی نعمت سے کم نہیں۔
اہلِ علاقہ کو آپ پر فخر ہے کہ آپ نے صرف وعظ و نصیحت پر اکتفا نہیں کیا بلکہ علمی ورثے کے تحفظ کے لیے ایک مدرسہ بھی تعمیر کرایا جو آنے والی نسلوں کے لیے چراغِ راہ بنے گا۔ اس مدرسے کی بنیاد علم، ادب، اور تقویٰ پر رکھی گئی ہے، جو یقینی طور پر آپ کے خلوص کا ایک روشن عکس ہے۔
منظور حیدری صاحب!
ہم آپ کے ممنون ہیں، آپ کی محبت، تربیت اور دینی رہنمائی ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گی۔ ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کے علم، عمل اور خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے، آپ کو مزید بلندیاں عطا فرمائے، اور جہاں بھی آپ تشریف لے جائیں، آپ کے ذریعے دین اسلام کا پیغام اور امن کی خوشبو پھیلے۔ آمین یا رب العالمین۔
والسلام
نوجوانانِ اہل السنّت رائیار ایچھ
25 جولائی 2025