25/02/2025
بسمہ تعالی
تمام تعریفیں خدائے محمد و آلِ محمد علیہم السّلام کے لئے کہ جس نے ہمیں سر چشمۂ عصمت و طہارت سے بقدر ظرف فیضیاب ہونے کا شرف عظیم عنایت فرمایا۔
الحمد للہ بزم سلام نجف کی جانب سے منعقد ہونے والی پانچویں طرحی بزم مسالمہ بتاریخ 24 فروری 2025ء مطابق 25 شعبان المعظم 1446ھ بروز دوشنبہ بطریق احسن پایۂ تکمیل تک پہنچی۔ جس میں بطور مصرعۂ طرح خدائے سخن سرکار میر ببر علی انیس (رح) کے کلام کا مندرجہ ذیل مصرع منتخب کیا گیا۔
ع
"ہم سا غربت زدہ آرام وطن کیا جانے "
بزم مسالمہ کی نظامت کی عظیم ذمہ داری ہمیشہ کی طرح عالی جناب مولانا ابو تمامہ صاحب کے شانوں پہ تھی ۔
بزم کی ابتداء تلاوت قرآن مجید سے کی گئی جس کی تلاوت کا شرف عالی جناب مولانا مہدی اعظمی صاحب کو نصیب ہوا۔ اس کے بعد عالی جناب مولانا وسیم صاحب نے نعت خوانی کے فرائض بطریق حسن انجام دیئے ۔
ما شاء اللہ اس بزم مسالمہ میں تقریباً (11) شعراء کرام نے طبع آزمائی فرمائی ، تمام شعراء کرام کے کلام سے منتخب کردہ ایک ایک شعر مندرجہ ذیل پیش خدمت ہے :
١/ پائے سجاد میں آئی تو یہ معلوم ہوا
ورنہ یہ لوہے کی زنجیر تھکن کیا جانے
(مولانا حیدر چتوڑوی صاحب)
٢/ معرفت سورۂ یوسف کی نہ ہو پائی جسے
وہ جمالِ رخِ دلبندِ حسن کیا جانے
(مولانا امان رضوی صاحب)
٣/ تیر و تلوار پہ،خنجر پہ بھروسہ ہو جسے
زور تحریر قلم،صلح حسن کیا جانے
(مولانا عباس مہدی صاحب)
٤/ مدحتِ نورِ خدا خاکی بدن کیا جانے
ہم نے قرآن پڑھا شعر و سخن کیا جانے
(مولانا مظہر حسنین صاحب)
٥/ مرے سینے میں غم کرب و بلا بیٹھا ہے
مرا ماتھا غم دنیا کی شکن کیا جانے
(مولانا فرحان اعظمی صاحب)
٦/ شرط ہے اس کے لئے احمد مرسل ہونا
حد بالائے علی چرخ کہن کیا جانے
(مولانا علی کبیر صاحب)
٧/ جن کے اجداد نے شک صلح پیمبر پہ کیا
ان کی اولاد بھلا صلح حسن کیا جانے
(مولانا رومان رضوی صاحب)
٨/ کس طرح ظلم کو دینی ہے تبسم سے شکست
ایک اصغر کے سوا کوئی یہ فن کیا جانے
(مولانا ابوذر خرم آبادی صاحب)
٩/ رگِ انکار نے بیعت کو جکڑ رکھا ہے
کوئی رکتے کوئے خنجر کی تھکن کیا جانے
(مولانا ارشاد فیضی صاحب)
١٠/ قاتل حق کو سراہا تو سمجھ میں آیا
ورنہ یہ امت سرکار جلن کیا جانے
(مولانا ظہیر الہ آبادی صاحب)
١١/ کس کا تن پوش کرے گا،کسے عزت دے گا
کس کی میت کا ہے سامان،کفن کیا جانے
(مولانا دائم جونپوری صاحب)
اور یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تمام شعراء ذوی الاحترام کی خدمت عالیہ میں بزم سلام نجف کی جانب سے حکومت اودھ کے آخری چشم و چراغ نواب واجد علی شاہ اختؔر کے مراثی پہ مشتمل کتاب (مراثئ اختؔر) پیش کی گئی ۔
راقم الحروف بحیثیت خادم بزم سلام نجف فرداً فرداً تمام شعراء و حاضرین کی خدمت عالیہ میں حرف تشکر پیش کرتا ہے اور امیدوار ہے کہ آپ تمامی احباب یونہی ہمارے ہمراہ شانہ بہ شانہ رہیں گے ۔
آخر کلام میں بارگاہ احدیت میں دعا گو ہیں کہ خداوند متعال بطفیل محمد و آلِ محمد علیہم السّلام تمام لوگوں کی خدمات اپنی بارگاہ عظمت پناہ میں قبول فرمائے ۔
فقط و السلام
از قلم
مولانا ظہیر الہ آبادی نجف اشرف
بزم سلام نجف
نجف اشرف عراق