07/09/2025
ملائیشیا کی حکومت نے غیر ملکی ورکرز کے لیے کوٹہ کی درخواستیں دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ سہولت صرف تین بڑے شعبوں "زراعت، پلانٹیشن اور کان کنی" میں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کچھ مخصوص ذیلی شعبوں میں بھی کوٹہ دیا جائے گا۔
وزارتِ داخلہ اور وزارتِ انسانی وسائل نے ایک مشترکہ اجلاس کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ یہ کوٹہ صرف “کیس بہ کیس” بنیاد پر دیا جائے گا۔ یعنی ہر درخواست کا جائزہ الگ الگ لے کر فیصلہ کیا جائے گا کہ اجازت دینی ہے یا نہیں۔
خدمات کے شعبے میں جن ذیلی شعبوں کے لیے کوٹہ کھولا گیا ہے، ان میں ہول سیل اور ریٹیل، گودام، سیکیورٹی سروسز، سکریپ میٹل کا کام، ریسٹورنٹ، لانڈری، کارگو ہینڈلنگ اور عمارتوں کی صفائی شامل ہیں۔
تعمیراتی شعبے میں صرف سرکاری منصوبوں کے لیے ہی غیر ملکی ورکرز کی بھرتی کی اجازت ہوگی۔ صنعتی شعبے میں یہ سہولت صرف ان نئے منصوبوں کو دی گئی ہے جو ملائشین انویسٹمنٹ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔
یہ درخواستیں 31 دسمبر 2025 تک جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ موجودہ حد (سیکٹر سیلینگ) برقرار رکھی جائے گی تاکہ ورکرز کی تعداد قابو میں رہے۔ فی الحال ملک میں 24 لاکھ 67 ہزار 756 غیر ملکی ورکرز موجود ہیں۔ حکومت کا ہدف ہے کہ ورکرز کی تعداد 13ویں ملائیشیا پلان کے تحت مقرر کردہ 10 فیصد کی حد تک محدود رکھی جائے۔
حکومت نے کہا ہے کہ کوٹہ کھولنے کا مقصد ایک متوازن حکمت عملی اپنانا ہے۔ ایک طرف مختلف شعبوں میں مزدوروں کی کمی کو پورا کرنا ہے اور دوسری طرف یہ بھی یقینی بنانا ہے کہ غیر ملکی ورکرز کی تعداد حد سے زیادہ نہ بڑھے۔
کاروباری تنظیموں کی جانب سے بھی یہ مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ ورکرز کے کوٹہ کو دوبارہ کھولا جائے کیونکہ کئی صنعتوں اور کاروباروں میں مزدوروں کی کمی شدید ہو چکی ہے۔ البتہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ اجازت صرف منتخب شعبوں تک محدود رہے گی تاکہ صورتحال قابو میں رہے۔