16/07/2025
برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز کے برطانیہ میں داخلے پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے حذف کر دیا گیا ہے اور اب پاکستانی ایئرلائنز برطانیہ میں فلائٹ آپریشن شروع کرنے کے لیے اپلائی کر سکتی ہیں۔
برطانیہ اور یورپی ایوی ایشن حکام نے جولائی 2020 میں پاکستانی ایئرلائنز پر پابندی عائد کی تھی۔
برطانوی ہائی کمشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایئر سیفٹی کے اقدامات میں بہتری کے بعد برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر سے عائد پابندی کو ہٹا دیا ہے۔‘
’تاہم اب بھی ہر ایئرلائن کو برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے برطانیہ میں آپریٹ کرنے کی اجازت طلب کرنا ہوگی۔‘
اس پیشرفت پر پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کہنا ہے کہ ’میں بین الاقوامی حفاظتی معیار کو بہتر بنانے کے لیے برطانیہ اور پاکستان کے ایوی ایشن ماہرین کے ساتھ مل کر کام کرنے پر ان کی شکرگزار ہوں۔‘
’فلائٹس کی بحالی میں اب بھی کچھ وقت لگے گا لیکن میں برطانیہ میں اپنے خاندان اور دوستوں سے ملنے جانے کے لیے پاکستانی ایئرلائن میں سفر کرنے کی منتظر ہوں۔