Dardistan Tours And Treks

Dardistan Tours And Treks Contact information, map and directions, contact form, opening hours, services, ratings, photos, videos and announcements from Dardistan Tours And Treks, Travel Company, Islamabad.

چاروں طرف برفیلے پہاڑوں کے  عین وسط میں ہمارا گاوں مٹلتان کالام۔۔۔۔۔چشموں، آبشاروں لہلہاتے پودوں سرسبز کھیتوں فرحت آفزا ...
13/04/2020

چاروں طرف برفیلے پہاڑوں کے عین وسط میں ہمارا گاوں مٹلتان کالام۔۔۔۔۔چشموں، آبشاروں لہلہاتے پودوں سرسبز کھیتوں فرحت آفزا ہواوں کا دیس ہمارا گاوں۔۔۔۔۔حسن و رعنائی میں اللہ نے بھت ہی فیاضی سے کرم فرمائی کی ہے۔۔۔برفباری کے طویل مرحلے کو سر کرنے کے بعد ہمارے گاوں کے حالیہ دنوں کا منظر۔۔۔اللہ ہر قسم کی آفات و بلیات سے ہمیں اور ہمارے بستیوں کو محفوظ و مامون رکھے۔۔۔۔
بشکریہ عرفان اللہ جان

تحریر۔۔خالد حسینموضوع۔۔وادئ کمراٹ اور وہاں تک کیسے پہنچا جاےُ؟وادئ کمراٹ خیبر پختونخواہ کے ضلع اپر دیر کوہستان میں ایک ا...
21/03/2020

تحریر۔۔خالد حسین
موضوع۔۔وادئ کمراٹ اور وہاں تک کیسے پہنچا جاےُ؟

وادئ کمراٹ خیبر پختونخواہ کے ضلع اپر دیر کوہستان میں ایک انتہائ سرسبز و شاداب خوبصورت وادی کا نام ہے۔ کمراٹ، دیر اور کالام(سوات) کے درمیان ایک جنت نظیر مے کدہ حسن و ادا ہے۔ ایک حسین و جمیل کنواری وادی ہے۔ ایک ایسی چلبل کنواری کنیا کی مانند ہے جو اپنی شادی کے دن بنی ٹھنی، سرخ زرق برق جوڑا زیب تن کیے، ہاتھوں میں گجرے کی مالا پروےُ، مانگ میں سندور سجاےُ، گلے میں موتیوں کا ہار ڈالے، آنکھوں میں کجلے کے ڈورے کھینچے، کانوں میں گیندے کے پھولوں کے جھمکے پہنے، سرخ شرابی ہونٹوں پر شفق کی لالی لگا کر اور دلنشیں مہک میں ڈوبا بدن لیے اپنے محبوب کے آنے کی منتظر ہو۔ اور جس کے انگ انگ سے مستی و مدہوشی کی لہریں پھوٹ پھوٹ کر ارد گرد کے سارے ماحول کو مست و بے خود کر رہی ہوتی ہوں۔

کمراٹ ویلی بھی ایسی ہی دوشیزہ کی طرح ایک دلکش وادی ہے۔ دیو قامت چیل اور دیودار کے سر سبز وشاداب درختوں سے اٹی، ٹھنڈی مخمور ہواوُں کا محور، چاروں طرف سے برفیلے پہاڑوں کی چوٹیوں میں گھری یہ وادی جا بجا رنگ برنگے ہنستے کھلکھلاتے پھولوں کی سر زمین ہے۔ دریاےُ پنجکوڑہ کا صاف شفاف سلیٹی رنگت کا حامل پانی جو خود بھی آب شفاء کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس میں موجود ٹراوُٹ مچھلی دنیا کی مزیدار ترین مچھلیوں میں سے ایک گردانی جاتی ہے۔ اس کے جاندار، شاندار لینڈ سکیپ دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ جیسے یہ اس دنیا سے پرے کوئ اور ہی دنیا ہو، کوئ اور ہی جہان ہو، کوئ اور ہی جنت الفردوس ہو۔

اب سوال یہ ہے کہ یہاں کمراٹ میں کیسے پہنچا جاےُ؟
اس کے لیے سب سے پہلے آپ کو تیمر گرہ پہنچنا ہو گا اور پھر اس کے بعد تھل۔ اگر آپ لاہور، سیالکوٹ، بورے والا ، وہاڑی، ملتان، بہاولپور یا جنوبی پنجاب کے کسی بھی شہر سے ہیں تو سب سے پہلے آپ پیر ودھائ لاری اڈہ پر راولپنڈی پہنچیں۔ وہاں سے آپ کو تیمر گرہ جانے کے لیے بسیں، ویگنیں اور مختلف کوچز مل جاتی ہیں۔ یا آپ چکدرہ تک سوات کو جانے والی کسی بس یا کوچ میں سوار ہو کر چکدرہ تک چلے جائیں۔ یہاں سے تیمرگرہ 38 کلو میٹر ہے اور یہاں سے کسی ویگن یا بس میں سوار ہو کر آپ تیمر گرہ بآسانی پہنچ سکتے ہیں۔ اگر آپ فیصل آباد سے ہیں تو فیصل آباد سے ایک بس دیر کو جاتی ہے جس پر سوار ہو کر آپ راستے میں تیمر گرہ اتر کر یہاں پہنچ سکتے ہیں۔

ایبٹ آباد اور مانسہرہ کی طرف سے آنے والے حضرات بشام کی طرف سے شانگلہ پاس کراس کر کے مینگورہ شریف آ جائیں۔ اور پھر وہاں سے کسی بس یا وین میں سوار ہو کر تیمر گرہ پہنچ جائیں۔ قبائلی علاقوں کے دوست پشاور پہنچ کر کسی ویگن یا بس میں سفر کر کے تیمر گرہ تشریف لے آویں۔
آپ اپنی گاڑی یا بائیک پر بھی بآسانی تیمر گرہ پہنچ سکتے ہیں۔
اگر آپ اپنی گاڑی پر لاہور، ملتان یا جنوبی پنجاب کی طرف سے آ رہے ہیں تو موٹر وے پر موجود رشکئ انٹرچینج سے اتر کر مردان چلے جائیں۔ اور پھر وہاں سے براستہ تخت بائ، مالاکنڈ اور چکدرہ تک سوات روڈ پر سفر کرتے ہوےُ دریاےُ سوات پر بنے ہوےُ پل کو کراس کر کے تیمر گرہ پہنچ جائیں۔
شیندور، مستوج، بونی، ریشن اور چترال کی طرف سے آنے والے دوست لواری کراس کر کے دیر کے رستے چکیاتن پہنچ کر شرینگل روڈ پر بائیں ہاتھ دریاےُ پنجکوڑہ کے ساتھ ساتھ شرینگل اور پھر پاتراک، بیاڑ، کلکوٹ سے ہوتے ہوےُ تھل پہنچ جائیں۔
ویسے اب تو حکومت پاکستان نے موٹر وے پر بھی ہیوی بائیک چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ لہذا ہیوی بائیک والے بائیکر حضرات موٹر وے پر سفر کر سکتے ہیں۔

تیمر گرہ اور دیر کے درمیان، تیمر گرہ سے 64 کلو میٹر آگے اور دیر سے تقریباً 6 یا 7 کلو میٹر پہلے ایک جگہ چکیاتن آتی ہے۔ جہاں پر دریاےُ دیر دریاےُ کوہستان یا پنجکوڑہ میں آ کر شامل ہوتا ہے۔
ایک پکی سڑک اسی دریاےُ پنجکوڑہ کے ساتھ ساتھ دائیں ہاتھ اندر کی طرف شرینگل کو جاتی ہے۔ اسی بل کھاتی سڑک پر سفر کرتے ہوےُ آپ کو تھل پہنچنا ہو گا۔ راستے میں تھوڑے تھوڑے فاصلے پر پاتراک، بیاڑ، کلکوٹ اور بری کوٹ کے نام سے چھوٹے چھوٹے شہر بھی آئیں گے۔

تھل پہنچ کر دریاےُ پنجکوڑہ پر بنے پل کو کراس کر کے آگے دو راستے ہیں۔۔ایک رستہ دائیں جانب لاموتی، جندرائ اور باڈ گوئ کی طرف جاتا ہے۔ یہی وہ رستہ ہے جو باڈگوئ ٹاپ کراس کر کے اتروڑ کے رستے آپ کو کالام سوات پہنچا دیتا ہے۔جب کہ دوسرا رستہ دائیں ہاتھ کو کمراٹ کی طرف جاتا ہے۔ کمراٹ یہاں سے زیادہ دور نہیں ہے کوئ 15 یا 20 کلو میٹر سفر ہی ہو گا مگر سڑک کی حالت ناگفتہ بہ ہے۔
رستہ بہت اوبڑ کھابڑ اور پتھریلا ہونے کی وجہ سے بہت جمپی ہے۔ چونکہ یہاں بارشیں زیادہ ہوتی ہیں۔ اس لیے یہ رستہ بھی کیچڑ اور گارے سے اٹا ہوا ہوتا ہے۔ بہتر یہی ہے کہ آپ اپنی گاڑی تھل میں کھڑی کر کے آگے 4×4 جیپ پر جائیں۔ آگر آپ بائیکر ہیں تو اپنی بائیک پر آگے جا سکتے ہیں۔
دریاےُ پنجکوڑہ کے کنارے کے ساتھ ساتھ پھیلی اس خوبصورت وادی میں ٹینٹ اور ہٹس کی رہائش کئ جگہوں پر موجود ہے۔اتنے زیادہ ٹینٹ اور ہٹس بن گئے ہیں جو اب ٹینٹ سٹی کی شکل اختیار کر گئے ہیں۔ پہلی ٹینٹ سٹی تک جاز اور ٹیلی نار موبائل سروس کے سگنلز کام کرتے ہیں۔ اس کے بعد آگے کوئ بھی موبائل سروس میسر نہیں ہے۔ آب شار تک مختلف جگہوں پر آپ کو رہائش کے لیے ٹینٹ اور ہٹس کی سہولت دستیاب ہے اس کے بعد آگے دو جنگہ کی طرف جانے والے حضرات اپنی رہائش کے لیے اپنا بندوبست کر کے جائیں۔ اس کے لیے بہتر ہے کہ وہ اپنا ٹینٹ اور کھانے پینے کا سامان بھی ساتھ لے کر جائیں۔ کالا چشمہ تک کھانے پینے کی اشیاء دستیاب ہیں۔ اس سے آگے دو جنگہ میں آبادی تو ہے مگر کھانے پینے اور رہائش کی سہولت میسر نہیں ہے۔

باڈگوئ ٹاپ کراس کرنے والے حضرات کو میری طرف سے مفت مشورہ ہے کہ وہ سوات کی طرف سے باڈ گوئ ٹاپ کراس کرنے کو ترجیح نہ دیں۔ بلکہ دوسری طرف سے براستہ تیمرگرہ، چکیاتن، شرینگل اور کلکوٹ سے ہوتے ہوےُ تھل پہنچیں۔ کیونکہ کالام سوات کی طرف سے براستہ اتروڑ باڈگوئ ٹاپ کراس کرنا کافی مشکل ہے۔ بہت بڑی بڑی اور خطرناک چڑھائیاں چڑھنا پڑتی ہیں۔ اتروڑ سے آگے تھل تک انسانی آبادی بھی بہت ہی کم کم ہے۔ صرف باڈگوئ ٹاپ پر چار پانچ چھپر ہوٹل موجود ہیں۔ چونکہ یہاں بارشیں زیادہ ہوتی ہیں۔ جس کی وجہ سے وہاں موجود چکنی مٹی بارش کے بعد بہت سلپری ہو جاتی ہے۔ ایسے حالات میں گاڑی سلپ ہوکر آپ کے کنٹرول سے باہر ہو کر کسی گہری کھائ میں بھی گر سکتی ہے۔ دوسرا چڑھائیاں بہت شدید قسم کی عمودی چڑھائیاں ہیں۔ 4×4 کی بڑی ڈیزل گاڑی بھی بہت مشکلوں سی چڑھتی ہے۔ بعض شدید چڑھائیوں پر اسے بھی دھکا لگا کر چڑھانا پڑ سکتا ہے۔ جبکہ تھل کی جانب سے لاموتی کے آگے گھنے جنگلوں کے بیچ و بیچ، پر پیچ چڑھائیاں ہیں۔ ٹاپ تک مسلسل چڑھائ تو ہے مگر اتنی عمودی اور شدید نہیں ہے۔ اچھی 4×4 گاڑی یا جیپ نسبتاً بہت بہتر طریقے اور آسانی سے چڑھ سکتی ہے۔
باڈگوئ ٹاپ پر بارش ہو جانے کی صورت میں یہاں سے اترائ تقریباً ناممکن ہو جاتی ہے۔ آپ کی گاڑی یا جیپ اس چکنی مٹی میں بہت برے طریقے سے سلپ ہو ہو جاتی ہے۔ دائیں ہاتھ ساتھ ساتھ چونکہ بہت گہری کھائیاں ہیں۔ جو ایسے حالات میں بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔ آپ کی گاڑی سلپ ہو کر کسی گہری کھائ میں گر سکتی ہے۔ یہ بات میں اپنے تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔ پچلے سال باڈ گوئ ٹاپ پر ہمیں بارش نے گھیر لیا تھا۔ جب پہلی اترائ ہی شروع کی تو پہلی اترائ نے ہی ہمارے کانوں کو ہاتھ لگوا دئیے۔ ہماری جیپ بہت ہی برے طریقے سے سلپ ہو ہو کر قابو سے باہر ہو جاتی تھی۔ اللہ اللہ کر کے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے میں صرف ایک چھوٹی سی اترائ اتری تھی۔ وہ بھی چونکہ پہاڑ کے عین اوپر والے حصے پر تھی۔ آس پاس دونوں طرف ہی کوئ بڑی کھائ نہیں تھی۔ مجبوراً ہمیں وہاں ٹاپ پر، شدید سردی میں ایک چھپر ہوٹل کے ایک ٹینٹ میں رات بسر کرنا پڑی تھی۔ صبح سورج کی کرنوں کی تمازت سے جب راستہ دس بجے کے قریب بالکل خشک ہو گیا تو ہم نے اپنا اگلا سفر شروع کیا تھا۔
کمراٹ ایک جنت نظیر وادی ہے یہاں کے لوگ سیدھے سادے، محنتی، شریف النفس، عزت کرنے والے، دریا دل اور بہت کوآپریٹو لوگ ہیں۔ کسی بھی مشکل کی صورت میں یہ ہر لحاظ سے حتیٰ الوسع آپ کی مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ جگہ ٹورسٹس کے لیے بہت محفوظ جگہ ہے۔ پکے، سچے اور اپنی مذہبی روایات اور اقدار کے پابند لوگ ہیں۔ داردی، کلکوٹی اور پشتو زبان عام طور پر یہاں بولی اور سمجھی جاتی ہے۔ اردو بھی سمجھ ہی لیتے ہیں ورنہ بین الاقوامی اشاروں کی زبان تو ہر جگہ پر اور دنیا کے ہر کونے میں سمجھی جاتی ہے۔

" وادئ کمراٹ اور باڈگوئ پاس" سے ایک اقتباس

Address

Islamabad
45710

Website

Alerts

Be the first to know and let us send you an email when Dardistan Tours And Treks posts news and promotions. Your email address will not be used for any other purpose, and you can unsubscribe at any time.

Shortcuts

Share

Category