27/10/2026
متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں گیس کی پیداوار دگنی ہوگئی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ہدیبہ گیس کنڈینسیٹ فیلڈ کے پہلے مرحلے کی تکمیل کے بعد گیس کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
شارجہ نیشنل آئل کارپوریشن (SNOC) کے مطابق اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں گیس کے کنوؤں، پائپ لائنوں اور دیگر ضروری تنصیبات کا کام مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد پیداوار میں اضافہ ممکن ہوا۔
ہدیبہ گیس فیلڈ مئی 2024 میں دریافت ہوئی تھی اور یہ شارجہ کی سجا گیس فیلڈ کے شمال مشرق میں واقع ہے۔
حکام کے مطابق منصوبے کے اگلے مرحلے پر بھی کام کیا جائے گا، جبکہ 2027 میں گیس کی پیداوار مزید بڑھانے کی منصوبہ بندی ہے۔ توقع ہے کہ یہ گیس فیلڈ 2028 تک اپنی مقررہ پیداواری صلاحیت حاصل کرلے گی۔
اس منصوبے سے شارجہ کی بڑھتی ہوئی توانائی ضروریات پوری کرنے اور ریاست کے توانائی کے شعبے کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔