26/11/2021
(25 نومبر، 2021) سعودی اقامہ ہولڈرز اور عمرہ زائرین کیلئے بڑی خوشخبری۔۔۔ سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پاکستانی مسافروں پر دوسرے ملک میں 14 دن قرنطینہ کی پابندی ختم کر دی گئی۔ پاکستانی مسافروں کو سعودی عرب میں داخلے کے بعد 5 دن ادارتی قرنطینہ کرنا ہو گا۔ پاکستانی زائرین کیلئے عمرہ بحالی کی راہ ہموار ہو گئی۔ پابندی پر خاتمے کا اطلاق یکم دسمبر، 2021 بروز بدھ سے ہو گا۔ سائنو فام اور سائنو ویک ویکسین کے حامل افراد کو منظور شدہ ویکسین کی بوسٹر شاٹ لگوانا ہو گی۔ سعودی حکام کی وضع کردہ دیگر کرونا SOPs کی پابندی لازم ہو گی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے پابندی کے خاتمے کے اعلان پر حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔ انکا کہنا تھا کہ پابندی کے خاتمے کی مخلصانہ کوشش پر سعودی وزارت حج اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا بطور خاص شکریہ ادا کرتا ہوں۔ عمرہ زائرین کیلئے سعودی عرب داخلے کے بعد 5 دن ادارتی قرنطینہ کی پابندی بھی ختم کرانے کی کوشش کرینگے۔ مسافروں کی روانگی سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا، صرف صحت مند افراد ہی عمرہ کے سفر کا انتخاب کریں۔ واضح رہے کہ وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری تاحال سعودی عرب میں موجود ہیں۔ ان کی اعلی سعودی حکام سے حج اور عمرہ کھولنے کی بابت ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ وزارت مذہبی امور کی سعودی حکام سے عمرہ کھولنے کی بابت بات چیت مسلسل جاری تھی۔