15/04/2026
(حویلی کہوٹہ)ضلع حویلی کے علاقہ فارورڈ کہوٹہ میں رفاقت گجر قتل کیس کے حوالہ سے عوام علاقہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اجلاس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رفاقت گجر کا اندوہناک قتل پورے ضلع کے امن و امان پر سوالیہ نشان ہے اور اس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔
مقررین نے کہا کہ ابتدائی تفتیش مقامی پولیس کے پاس ہونے کے باوجود بعد ازاں کیس کو باغ منتقل کر دیا گیا اور تاحال تفتیش سے متعلق کوئی واضح معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ واقعہ ایسے مقام پر پیش آیا جہاں سیکیورٹی موجود تھی، تاہم اس حوالے سے حقائق سامنے نہیں لائے گئے۔
اجلاس میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والی بے بنیاد افواہوں کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ ایسے عناصر تفتیش پر منفی اثر ڈال رہے ہیں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ قتل کے اصل محرکات کو فوری طور پر سامنے لایا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ضلعی عوامی ایکشن کمیٹی اس کیس کی نگرانی کرے گی اور پولیس کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔ مقررین نے خبردار کیا کہ اگر مقررہ وقت میں پیش رفت نہ ہوئی تو ضلع بھر میں احتجاجی تحریک، شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔
مزید برآں حکومت آزاد کشمیر اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس کیس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تفتیش کو یقینی بنائیں اور عوام کو پیش رفت سے آگاہ کریں۔