03/07/2024
دیسان بانال
بالائی سوات یا کوہستان سوات کے مشہور سیاحتی مقام کالام اتروڑ کے قریب واقع گمنام لیکن قدرتی حسن سے مالامال علاقے دیسان بانال کے دلکش مناظر۔ دیسان صرف ایک بانال یا چراگاہ نہیں ہے بلکہ یہ وسیع میدانوں پر مشتمل ایک خوبصورت اور دلنشیں علاقے کا نام ہے جہاں مقامی گاؤری قبائل موسم گرما میں اپنے مال مویشیوں کے ساتھ رہتے ہیں۔
یاد رہے بالائی سوات کے اس سحر انگیز علاقے کو باہر کے بہت کم لوگوں نے دیکھا ہے۔ یہاں اگر ایک طرف وسیع و عریض سرسبز میدان ہیں تو دوسری طرف برف پوش پہاڑ، گھنے جنگل، ٹھنڈے میٹھے پانی کے چشمے اور ندی نالے یہاں کی حسن کو چار چاند لگاتے ہیں۔
لفظ دیسان کے بارے میں نہیں معلوم کہ اس کے کیا معانی ہو سکتی ہے لیکن یہاں سوات و دیر میں دیسان، دوسان اور دانوس وغیرہ کے نام کئی علاقوں کو دیئے گئے ہیں۔ یہ عین ممکن ہے کہ دوسرے ناموں کی طرح یہ بھی آبا و اجداد کے نام یا مقدس مذہبی نام ہو سکتے ہیں۔ یہاں اس بات کی وضاحت بھی ضروری ہے کہ قدیم داردی عقائد کے آخری مرکز نورستان ( سابقہ کافرستان) اور کالاش لوگوں کے مقامی عقائد میں دیسانی ایک دیوی کا نام ہے۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ قبول اسلام سے پہلے گاوری اور توروالی لوگوں کی اکثریت بدھ مت سمیت آج کے کالاش اور نورستانیوں سے ملتے جلتے مذاہبِ پر عمل کرتے تھے۔ اس لئے یہ عین ممکن ہے کہ جس طرح دیسانی دیوی کی عبادت دوسرے دارد قبائل کرتے تھے شائد یہ قبائل بھی کرتے ہوں گے اور یہ نام دیسانی دیوی کی نشانی ہو۔
Copied