17/01/2024
توروالی-انگلش ڈکشنری برائے طلباء و طالبات (Torwali-English Dictionary for Students)
ہمارا، ادارہ برائے تعلیم و ترقی (ا ب ت)، کا عزم ہے کہ حالات جس قدر بھی ناساز ہوں اور وسائل ناپید ہوں ہم نے اپنی محبوب مادری زبان کی احیاء اور فروغ کے لئے کسی بھی صورت میں کام جاری رکھنا ہے اور اپنے لوگوں کے لئے اور تعلیمی، علمی و تحقیقی حلقوں کے لئے پڑھت، لکھت اور تحقیق کا مواد فراہم کرنا ہے۔ اس سلسلے میں ائی بی ٹی کئی دیگر اقدامات کے ساتھ کتابوں کی اشاعت بھی کرتا رہا ہے اور یہ توروالی-انگلش ڈکشنری برائے سٹوڈنٹس اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ ڈکشنری کیسی ہے اور اس میں کیا کیا شامل ہے اس پر کچھ تفصیل نیچے لکھتے ہیں۔
1۔ ڈیزائن: یہ لغت رنگین ہے اور اس کی چھپائی اچھے کاغذ پر کی گئی ہے۔ یہ درمیانہ سائز کی کتابی صورت میں ہے۔ اس کے صفحات کی تعداد 230 بنتی ہے اور اس کا سرورق دیدہ زیب پیپر بیک میں بنایا گیا ہے۔ اس میں تصاویر بھی شامل ہیں۔
اس کے مشمولات/مواد:
1۔ ظاہر ہے یہ دو زبانوں توروالی اور انگریزی میں ہے۔ اس میں 2500 کے قریب توروالی کے مین الفاظ دیے گئے ہیں۔ اس میں مقامات، اشیاء، پودوں اور جانوروں کی تصاویر بھی دی گئی ہیں جن کی تعداد 1200 کے قریب بنتی ہے۔ ہر صفحے پر گائیڈنگ لفظ بھی دیا گیا ہے جو کسی لفظ کا صفحہ بتارہا ہوتا ہے۔
2۔ یہ دائیں سے بائیں پڑھی جاتی ہے۔ ہر توروالی لفظ کا تلفظ بین الاقوامی حروف تہجی کے نظام (International Phonetic Alphabets) میں دیا گیا ہے جو کہ غیر توروالی اور توروالی دونوں کے لئے مفید ہے۔ اس تلّفظ کے بعد الفاظ کے قواعد کے حساب سے مخفف دیا گیا ہے تاکہ پتہ چلے کہ آیا یہ لفظ فعل ہے، اسم ہے، اسم صفت ہے، فعل کی کونسی قسم ہے، ایڈورب ہے یا گرائمر کے دیگر درجات میں شامل ہیں۔
3۔ اگے ہر توروالی مرکزی لفظ کا انگلش متبادل دیا گیا ہے۔ ان متبادل کی تعداد 1 سے 5 تک ہوسکتی ہے۔ اس کے بعد ہر توروالی لفظ کو عام سادہ جملے میں استعمال کیا گیا ہے اور ہر جملے کا انگریزی ترجمہ دیا گیا ہے۔
4۔ پھر جہاں مناسب ہے وہاں جملے کےبعد اس لفظ سے متعلق ایک تصویر دی گئی ہے اور اسکا نام توروالی میں بھی لکھا گیا ہے۔ اس کے بعد اس تصویر میں اگر کوئی نایاب پودا، درخت یا جانور ہے تو اس کا سائنسی نام بھی لکھا گیا ہے۔
5۔ ایک اہم انوکھی خاصیت جو اس ڈکشنری کی ہے وہ اس میں الفاظ کے مختلف متغّیرات دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ چونکہ کئی الفاظ توروالی دھرتی کے مختلف گاؤں میں مختلف طریقے سے ادا کیے جاتے ہیں لہذا مقدور حد تک اس فرق کو بھی رکھا گیا ہے۔ ان کو ظاہر کرنے کے لئے مختلف مخفف دیے گئے ہیں جن کی تشریح اس ڈکشنری کے پہلے صفحات میں نقشوں کی مدد اور (abbreviations ) کے تحت دی گئی ہے۔ اس کو پڑھ کر ڈکشنری کو پڑھا جاسکتا ہے۔
6۔ توروالی زبان کے دو لہجے (dialects) ہیں۔ بحرین یا سینکأن لہجہ اور چیل لہجہ۔ اس میں چیل لہجے کا خیال بھی رکھا گیا ہے اور جو لفظ چیل لہجے میں مختلف ہے اس کے ساتھ علامت [چ] لکھا گیا ہے جس سے مراد چیل کی توروالی ہے۔ دوسرے متغیرات کے لئے الگ مخفف دیے گئے ہیں۔
یہ ڈکشنری کس کے لئے مفید ہے؟
1۔ نام سے ظاہر ہے یہ بنیادی طور پر طلباء و طالبات کے لئے ہے۔ طلباء و طالبات پرائمری سکول تا سولہویں اور پی ایچ ڈی درجوں تک اس سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔ ان کے علاوہ عام لوگ، نوجوان اور محققین اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔
2۔ توروالی لوگ اس لغت کے ذریعے نہ صرف اپنی زبان کو مزید سیکھ سکتے ہیں بلکہ وہ اس کے ذریعے انگریزی کو بھی سیکھ سکتے ہیں۔ اسی طرح غیر توروالی اس ڈکشنری کی وساطت سے انگریزی کے راستے توروالی بھی سیکھ سکتے ہیں۔
3۔ یہ ان توروالی آساتذہ کے لئے نہایت مفید ہے تو پرائمری یا ہائی سکولوں میں انگریزی یا انگریزی میں دوسرے مضامین پڑھاتے ہیں۔
قیمت: چونکہ ڈکشنری رنگین اور اچھے کاغذ پر ہے اس لئے اس پر خرچہ بھی ذیادہ آیا ہے۔ اس کی قمیت 1200 روپے رکھی گئی ہے۔ سٹوڈنٹس کے لئے اس میں 50 فی صد رعایت/ ڈسکاؤنٹ ہے۔ ان کے لئے یہ قیمت 600 روپے بنتی ہے۔
عام لوگوں ، ماہر لسانیات اور محققین کے لئے یہ قیمت 1200 روپے ہے۔
ہم توقع کرتے ہیں کہ لوگ تعاون کریں گے اور اس لغت کو خرید کر ہمیں دوسری کتابوں کی چھپائی میں مدد دیں گے۔ یہ دوسری کتابیں بھی چھاپنے کے لئے تیار ہے۔ ان میں ایک کتاب سورت رحمان کا توروالی میں ترجمہ اور تفسیر ہے۔
پیش لفظ:
اس ڈکشنری کے پیش لفظ ماہرین اور سکالرز جیسے ڈاکٹر طارق رحمان اور ڈاکٹر سوسن ملون نے لکھے ہیں۔ طارق رحمان پاکستان کا ایک مایہ ناز عالم، ماہر لسانیات اور تاریخ دان ہیں جبکہ سوسن ملون امریکی ماہرتعلیم و لسانیات ہیں اور یونیسکو کے لئے تعلیم اور خواندگی پر کام کررہی ہیں۔
دستیابی:
یہ ڈکشنری بحرین میں ادارہ برائے تعلیم و ترقی ( اب ت) کے دفتر واقع کمبلئی راستہ درال روڈ پر اور بحرین بازار میں معاذ فوٹو سٹیٹ پر دستیاب ہے۔ شکریہ